اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ قطر کے قریب زیر سمندر کیبل میں خرابی کی وجہ سے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہو سکتی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق، قطر کے قریب زیر سمندر کیبل اے اے ای-1 میں خرابی کی اطلاع ملی ہے، جو پاکستان کی بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے لیے سات اہم کیبلز میں سے ایک ہے۔
اس خرابی کی وجہ سے انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ سروسز میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ پی ٹی اے نے بتایا کہ خرابی کی مرمت کے لیے متعلقہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور اس صورت حال کی نگرانی جاری رکھی جا رہی ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ سروس کی بحالی تک تحمل کا مظاہرہ کریں اور اس دوران فراہم کی جانے والی اپڈیٹس کا انتظار کریں۔