ساؤ پاؤلو(رم نیوز) برازیل نے برکس (BRICS) گروپ کی گردشی صدارت سنبھال لی ہے، جس میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ برازیلی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سال برکس کی صدارت کے دوران برازیل کا ایجنڈا عالمی جنوبی ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برازیل بین الاقوامی حکمرانی میں اصلاحات کے لیے کوششیں جاری رکھے گا اور گروپ کے ارکان کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے لیے نئے نظام متعارف کرائے گا۔ برازیل نے برکس کو عالمی جنوبی ممالک کے لیے ایک اہم سیاسی اور اقتصادی فورم قرار دیتے ہوئے اس کے ذریعے عالمی سطح پر اثر و رسوخ کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
برازیلی حکومت نے اپنے کلیدی اہداف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رکن ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ادائیگی کے نئے نظام کی تخلیق کریں گے۔اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی نظام کی اصلاحات کرنا بھی ایجنڈا ہے۔یہ اقدامات برکس کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور عالمی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔