کیپ ٹاؤن (ر م نیوز)جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں پر 316 رنز بنا لیے ہیں، جس میں ریان رکلٹن اور ٹیمبا باووما کی شاندار سینچریاں شامل ہیں۔
کیپ ٹاؤن میں جاری اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ میچ کے ابتدائی مرحلے میں جنوبی افریقہ کو ایک کے بعد ایک وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کی پہلی وکٹ 61 رنز پر گری، جب ایڈن مرکرم 17 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس کے بعد ویان مُلڈر 5 رنز پر محمد عباس کی گیند پر رضوان کو کیچ دے بیٹھے، اور پھر ٹرسٹن اسٹبز بھی بغیر کوئی رن بنائے آغا سلمان کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ یوں جنوبی افریقہ کی ٹیم 3 وکٹوں پر 70 رنز تک محدود ہو گئی۔
تاہم، اس کے بعد پروٹیز کے کپتان ٹیمبا باووما اور ریان رکلٹن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ کے لیے 235 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ ٹیمبا باووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ ریان رکلٹن 176 رنز کے ساتھ ابھی تک ناٹ آؤٹ ہیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے آغا سلمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری جانب، میچ کے ابتدائی اوورز میں پاکستانی کھلاڑی صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب پاؤں مڑنے کے باعث زخمی ہو گئے۔ انہیں شدید تکلیف کے باعث ایکسرے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔
پاکستان نے اس میچ کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کی ہے اور نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ باؤلر میر حمزہ کو شامل کیا ہے۔ پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران مغل، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، عامر جمال، میر حمزہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کو ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔