کیلیفورنیا: چھوٹا طیارہ عمارت سے ٹکرا کر تباہ، 2 افراد ہلاک

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک چھوٹا طیارہ کمرشل عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ لاس اینجلس سے 25 میل جنوب مشرق میں فلرٹن میونسپل ایئرپورٹ کے قریب پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق طیارے میں سوار افراد یا عمارت میں کام کرنے والوں میں سے ہو سکتا ہے، تاہم اس بارے میں ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ حادثے کا شکار طیارہ "وینز آر وی-10" ماڈل کا ایک چھوٹا، چار نشستوں والا طیارہ تھا۔ واقعے کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

یہ حادثہ حالیہ دنوں میں طیاروں کے گر کر تباہ ہونے کے واقعات میں اضافے کا حصہ ہے، جن میں آذربائیجان اور جنوبی کوریا میں ہونے والے حادثات بھی شامل ہیں، جن میں مجموعی طور پر 200 سے زائد افراد کی ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔