کیپ ٹاؤن(رم نیوز) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا دوسرا دن مکمل ہوگیا۔ جنوبی افریقہ نے اپنی اننگز کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز سے کیا، اور پورے دن کے کھیل کے بعد 615 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ریان رکیلٹن نے 259 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جب کہ کائل ویرین نے 100، مارکو جینس نے 62، اور کیشو مہاراج نے 40 رنز بنائے۔ کیگیسو رباڈا 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کے لیے محمد عباس اور سلمان آغا نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستانی ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو پہلے اوور کی آخری گیند پر کپتان شان مسعود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد 18 رنز کے مجموعے پر کامران غلام 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز کے ساتھ کھیل رہا ہے، جہاں بابر اعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔