بگن فائرنگ واقعہ امن معاہدے پر حملہ ہے: ترجمان خیبر پختونخوا حکومت

پشاور(رم نیوز) خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے بگن فائرنگ کے واقعے کو امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بگن کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے پیچھے شرپسندوں کا ہاتھ تھا، حالانکہ امن معاہدہ پہلے ہی طے پا چکا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام فریقین نے اس بات کی ضمانت دی تھی کہ راستے میں ایسی کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی جو امن کو متاثر کرے، تاہم حملے کے دوران جوابی فائرنگ بھی کی گئی جس کے باعث مزید افراد زخمی ہوئے۔

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت نے اس بات پر زور دیا کہ معاہدے پر دستخط نہ کرنے سے اس کی اہمیت متاثر نہیں ہوتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فائرنگ کے ذریعے امن معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا کہ سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد امدادی قافلے کو فوراً روانہ کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی کلیئرنس ملے گی، قافلہ فوری طور پر روانہ کر دیا جائے گا، خواہ اگلے ہفتے کے بجائے جلدی ہو سکے۔