کیپ ٹاؤن (رم نیوز): پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے خلاف فالو آن کا سامنا ہے۔ میزبان ٹیم کی پہلی اننگز میں 615 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 194 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس کے نتیجے میں جنوبی افریقہ کو 421 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوگئی۔
جنوبی افریقہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 615 رنز بنائے، جس میں ریان رکلٹن کی 259 رنز کی اننگز، ٹمبا باؤما کی 106 رنز اور کائل ویرین کی 100 رنز کی اننگز شامل تھی۔ اس کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن نہ صرف کمزور ثابت ہوئی بلکہ پوری ٹیم 194 رنز کے مجموعے تک محدود ہوگئی۔
پاکستان کو فالو آن سے بچنے کے لیے 416 رنز کا ہدف درکار تھا، تاہم قومی ٹیم اس کے قریب بھی نہ پہنچ سکی۔ پہلی اننگز میں قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگیا، جس میں کپتان شان مسعود 2، نائب کپتان سعود شکیل صفر اور کامران غلام 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
بابراعظم نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 58 رنز تک پہنچے، مگر وہ بھی اپنی اننگز کو مزید آگے بڑھانے میں ناکام رہے۔ محمد رضوان 46 رنز بنا کر ایک غیر ضروری شاٹ کھیل کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ سلمان علی آغا 19، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14 اور میر حمزہ 13 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کے باؤلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، کگیسو رباڈا نے 3، کیشو مہاراج اور کوینا مفاکا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مارکرو جانسن اور ویان ملڈر نے ایک ایک وکٹ لی۔
پاکستان کے فیلڈر صائم ایوب میچ کے پہلے روز باؤنڈری لائن پر فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے، جس کے باعث انہیں ایکسرے کے لیے اسپتال لے جایا گیا اور وہ 6 ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہیں گے۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور ان کی ابتدائی وکٹ 61 رنز پر گری۔ ایڈن مرکرم 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ویان ملڈر 5 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ٹمبا باؤما اور ریان رکلٹن نے 235 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ باؤما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ رکلٹن نے 259 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔اب پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے دوسری اننگز میں 421 رنز کا ہدف درکار ہے۔