کیپ ٹاؤن (رم نیوز): جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے اس میچ میں جنوبی افریقی ٹیم نے پہلی اننگز میں 615 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور فالو آن کا شکار ہو گئی۔
چوتھے روز پاکستان کی ٹیم نے فالو آن کے بعد اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 421 رنز بنا کر پروٹیز کے اسکور کو برابر کر لیا۔ تاہم، پاکستان کی ٹیم 478 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 58 رنز کا ہدف دیا۔
جنوبی افریقہ نے 58 رنز کا ہدف 7.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا، اور یوں سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔ ڈیوڈ بیڈنگھم 40 رنز اور ایڈن مارکرم 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
چوتھے روز پاکستان نے شان مسعود اور خرم شہزاد کے ساتھ 213 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا۔ 235 رنز پر خرم شہزاد 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اور اس کے بعد کامران غلام 28، سعود شکیل 23، شان مسعود 145 اور محمد رضوان 41 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ سلمان آغا 48، عامر جمال 34 اور میر حمزہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کے کیشو مہاراج اور کاگیسو رباڈا نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مارکو جانسن نے 2 اور کیوینا مپاخا نے ایک وکٹ حاصل کی۔