لاس اینجلس(رم نیوز) امریکی شہر لاس اینجلس کے مضافاتی علاقے پیسفک پلیسیڈز میں جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق، 10 ایکڑ پر شروع ہونے والی آگ تیز ہواوں کی وجہ سے کئی ہزار ایکڑ تک پھیل چکی ہے۔
آگ کے باعث 5 افراد کی ہلاکت اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ایک ہزار سے زائد گھروں اور تجارتی مراکز کی عمارات مکمل طور پر جل کر تباہ ہو چکی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، آگ نے التادینا میں واقع مسجد التقویٰ کو بھی متاثر کیا اور ہالی وڈ کی مشہور شخصیات کے قیمتی گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
آگ کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ اس کے بجھانے کے لئے وسائل کی کمی کا سامنا ہے، اور لاکھوں افراد کو متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔ اس آگ کی وجہ سے شہر کی فضاء بھی خطرناک حد تک آلودہ ہو گئی ہے۔
آگ سے ہونے والے مالی نقصانات کا تخمینہ 50 ارب ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے۔ اس دوران خالی گھروں میں لوٹ مار کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔۔