لاس اینجلس(رم نیوز)امریکی شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی ہے، جس نے 29 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس آتشزدگی میں پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور متعدد زخمی ہیں۔ حکام نے مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے، اور تین دن گزر جانے کے باوجود آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں 95 ہزار افراد بجلی سے محروم ہیں، اور ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو فوری طور پر انخلا کی ہدایت دی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق، اس آتشزدگی کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائد گھر اور عمارتیں جل کر تباہ ہو گئیں، جن میں ہالی ووڈ کی مشہور شخصیات کے اربوں روپے مالیت کے گھروں کا بھی شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر، آگ سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 50 ارب ڈالر سے زائد لگایا جا رہا ہے۔ خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث آگ کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔