ٹرمپ کو ہش منی کیس میں عدالت سے اہم ریلیف، الزامات سے بری

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی عدالت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہش منی کیس میں تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔ نیویارک کی فوجداری عدالت میں ہونے والی سماعت میں جج نے فیصلہ سنایا کہ ٹرمپ کو جیل کی سزا نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ان پر کوئی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

عدالت نے ٹرمپ کے خلاف پیسے دے کر معاملہ چھپانے کے جرم کو ان کے ریکارڈ میں شامل کرنے کا حکم بھی دیا۔ اس فیصلے کے بعد ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے صدر بنیں گے جن کے مجرمانہ ریکارڈ کے ساتھ صدارت کا عہدہ سنبھالنا ہوگا۔

یاد رہے کہ مئی 2024 میں امریکی عدالت نے فحش اداکارہ سٹارمی ڈینئلز کو رقم کی ادائیگی کے حوالے سے ٹرمپ پر عائد الزامات کو درست قرار دیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ 2016 کے صدارتی انتخابات کے دوران سٹارمی ڈینئلز کو 1 لاکھ 30 ہزار ڈالر دیے گئے تاکہ ان کے ساتھ جنسی تعلقات کو چھپایا جا سکے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر 34 الزامات عائد کیے گئے تھے، جنہیں جیوری نے درست قرار دیا تھا۔ اس کیس کی مزید سماعت 11 جولائی 2024 کو ہونے والی تھی، لیکن وہ بار بار ملتوی ہو گئی۔