لاہور(رم نیوز)شدید دھند کی وجہ سے موٹر ویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد نے بتایا کہ موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے رجانہ اور لاہور سے جڑانوالہ تک شدید دھند کے سبب بند کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اور عوامی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹر ویز بند کی گئی ہیں، کیونکہ دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ دھند میں لین ڈسپلن پر عمل کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ سید عمران احمد نے مزید کہا کہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے دوران سفر کے لیے بہترین اوقات ہیں، اور ڈرائیورز کو دھند والی لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک شہر میں دھند کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، اور کل شہر میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔