انڈیا میں کمبھ میلے کا آغاز، 40 کروڑ عقیدت مندوں کی شرکت کی توقع

نئی دہلی(رم نیوز)انڈیا میں کمبھ میلے کا آغاز ہوگیا ہے، جو دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس سال تقریباً 40 کروڑ عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے، جو دریائے گنگا، جمنا اور اساطیری ندی سرسوتی کے سنگم پر پہنچ کر مذہبی رسومات ادا کریں گے۔

کمبھ میلہ ہر تین سال بعد مختلف شہروں میں منعقد ہوتا ہے، تاہم "مہا کمبھ" ہر بارہ سال بعد منایا جاتا ہے۔ "مہا" کا مطلب عظیم ہے اور یہ میلہ عقیدت مندوں کو اپنی جانب سب سے زیادہ کشش دیتا ہے کیونکہ یہ مذہبی لحاظ سے سب سے زیادہ مقدس اور مبارک سمجھا جاتا ہے۔

یہ تہوار ہندو عقیدے سے جڑا ہوا ہے، جس میں کہا جاتا ہے کہ بھگوان وشنو نے امرت کا گھڑا برے دیوتاؤں سے چھین لیا تھا اور اس کے چند قطرے ان شہروں کی زمین پر گرے تھے۔کمبھ میلے کا تذکرہ قدیم ہندو کتابوں کے علاوہ دوسرے ممالک سے آنے والے سیاحوں کی تحریروں میں بھی ملتا ہے۔ ساتویں صدی کے چینی سیاح ہیوین سانگ نے 644 عیسوی میں پریاگ کے اپنے دورے کے دوران دریاؤں کے سنگم پر اشنان کی رسم کا ذکر کیا تھا۔