واشنگٹن(رم نیوز)امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے لیے حلف برداری کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 46 ویں صدر جو بائیڈن کی اقتدار سے دستبرداری کے بعد دوسری مدت کے لیے حلف اٹھائیں گے۔یہ تقریب واشنگٹن کے یو ایس کیپیوٹل کی سیڑھیوں پر منعقد کی جائے گی، جہاں وہ باضابطہ طور پر کانگریس کے ارکان، سپریم کورٹ کے ججز، اپنی نئی انتظامیہ اور ہزاروں شرکاء کے سامنے حلف اٹھائیں گے۔
اس موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ تقریب کے دوران 48 کلومیٹر طویل حفاظتی باڑ لگائی جائے گی اور 25 ہزار پولیس افسران تعینات کیے جائیں گے۔ سکیورٹی چوکیاں قائم کی جائیں گی، اور وائٹ ہاؤس سے کیپیوٹل تک 3 کلومیٹر کا علاقہ گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا جائے گا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے 20 جنوری 2021 کو بائیڈن کی حلف برداری میں شرکت سے انکار کیا تھا، اور وہ 150 سالوں میں پہلے امریکی صدر بنے تھے جنہوں نے اقتدار کی پرامن منتقلی کی امریکی روایت کو توڑا تھا۔ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں عالمی طاقتوں اور امریکا کے اتحادیوں کو دعوت دی گئی ہے، جس سے یہ تقریب عالمی سطح پر بھی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔