لاہور(رم نیوز)پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں شدید دھند نے صورتحال کو مشکل بنا دیا ہے، جس کے نتیجے میں حد نگاہ میں کمی آئی ہے اور متعدد مقامات پر موٹر ویز بند کر دی گئی ہیں۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 سمندری سے درخانہ، ایم 4 گوجرہ سے ملتان تک اور ایم 5 ملتان سے روہڑی تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔اسی طرح قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے اثرات سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
موٹر وے پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند کے دوران اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں، غیر ضروری سفر سے بچیں اور گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب، ملک کے بیشتر حصوں میں سردی کی لہر جاری ہے، اور پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، پشاور، چارسدہ، چترال، دیر، سوات، کرک اور کوہاٹ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔زیارت، چمن، پشین، نوشکی، قلات اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے