لاہور، کراچی ،اسلام آباد(رم نیوز)ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی وجہ سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آج سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث بالائی علاقوں اور شمال مغربی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔کراچی میں موسم کی صورتحال پر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 20 جنوری تک کوئٹہ، زیارت، چمن، بارکھان، قلات اور خضدار میں بارش متوقع ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، جہلم اور چکوال میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔ مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں موٹروے ایم تھری سمندری سے درخانہ اور ایم فور گوجرہ سے ملتان تک بند ہیں۔ موٹروے پولیس نے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق، خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو 18 جنوری سے 21 جنوری تک جاری رہے گا۔ اس دوران بالائی علاقوں میں شدید برفباری متوقع ہے، اور پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، بنوں، دیر، سوات میں بارشیں ہوں گی۔ چترال، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر اور باجوڑ میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ خیبر، اورکزئی، وزیرستان، کرک اور کوہاٹ میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بارشوں اور برفباری سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی اور بڑی مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سیاحوں اور مقامی آبادی کو حساس بالائی علاقوں میں موسمی حالات سے آگاہ رکھنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔