رواں مالی سال معاشی ترقی کے تخمینے میں کمی: آئی ایم ایف کی رپورٹ

اسلام آباد(رم نیوز)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اپنی تازہ ترین ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ میں رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو کے مقررہ ہدف 3.6 فیصد کے حصول میں ناکامی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ایف نے تخمینے پر نظرثانی کرتے ہوئے معاشی شرح نمو کو 3.2 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد کردیا ہے۔

پاکستان کی معاشی شرح نمو 2023 میں 2.5 فیصد رہی تھی۔پاکستان نے رواں مالی سال کے لیے شرح نمو کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کیا ہے، تاہم آئی ایم ایف کے مطابق یہ 3 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے۔اکتوبر 2024 میں جاری تخمینے میں آئی ایم ایف نے اس ہدف کو 3.2 فیصد قرار دیا تھا، جو اب مزید کم کردیا گیا ہے۔آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کے لیے شرح نمو 4 فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ اگرچہ پاکستان کو معاشی چیلنجز درپیش ہیں، تاہم کچھ حد تک معاشی استحکام کی طرف پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے۔وزیر خزانہ نے بھی چینی سرمایہ کاروں سے "پانڈا بانڈ" کے ذریعے 25 کروڑ ڈالر تک حاصل کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔یہ رپورٹ ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان کو اپنے معاشی اہداف کے حصول کے لیے پالیسیوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔