ملتان(رم نیوز) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جیت کے لیے 251 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے تھے، جس کے بعد پاکستان کو ویسٹ انڈیز پر 202 رنز کی برتری حاصل تھی۔
تیسرے روز کھیل کا آغاز کامران غلام اور سعود شکیل نے کیا، لیکن پاکستانی بیٹرز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔ کپتان شان مسعود 52 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں بلے باز رہے، جب کہ محمد ہریرہ 29، کامران غلام 27 اور سلمان آغا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے پانچ کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، اور خرم شہزاد بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم 5، سعود شکیل اور محمد رضوان 2،2، نعمان علی 9 اور ساجد خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکن نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ گوداکش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز، پاکستان کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ کا آغاز کچھ اچھا نہیں تھا۔ ساجد خان نے ابتدائی چار وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز بیٹرز کو مشکلات میں ڈال دیا۔ ساجد خان نے میکائیل لوئس کو ایک، کیاسی کارٹی کو صفر، کریک براتھویٹ کو 11 اور کیون ہوج کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔
ساجد خان کے بعد نعمان علی نے بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچ ویسٹ انڈیز بیٹرز کو پویلین بھیجا۔ نعمان علی نے جسٹن گریویس کو 4 رنز پر، ٹریون املیچ اور ایلک ایتھنیز کو 6،6 رنز پر، اور کلیون سنکلر کو 11 رنز پر آؤٹ کیا۔
نعمان علی نے گوداکش موتی کو 19 رنز پر آؤٹ کر کے اپنے پانچویں شکار کا تذکرہ کیا۔ 137 کے مجموعے پر آخری وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی، جنہوں نے جیڈن سیلز کو 22 رنز پر آؤٹ کیا۔
پاکستان نے پہلی اننگز میں 93 رنز کی برتری حاصل کی، جس میں نعمان علی نے 5 وکٹیں اور ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک وکٹ ابرار احمد کے حصے میں آئی۔پاکستانی اننگز کا آغاز محمد رضوان اور سعود شکیل نے کیا، لیکن سعود شکیل 84 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔نئے آنے والے بلے باز سلمان آغا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، اور نعمان علی بغیر کھاتہ کھولے رن آؤٹ ہو گئے۔ محمد رضوان نے 71 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، تاہم وہ بھی آؤٹ ہو گئے۔ساجد خان 18 اور خرم شہزاد 7 رنز بنا سکے، اور پاکستان کی ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکن اور جیڈن سیلز نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، کیون نے 2 اور گوداکش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔