ملتان ٹیسٹ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے دی

ملتان (ر م نیوز) پاکستان نے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 127 رنز سے شکست دے دی۔

پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے تھے، اور انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف 202 رنز کی برتری حاصل تھی۔ تیسرے روز پاکستان کے بیٹرز نے کھیل کا آغاز کیا لیکن ایک کے بعد ایک وکٹیں گرتی رہیں۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود 52 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جبکہ محمد ہریرہ 29، کامران غلام 27 اور سلمان آغا 14 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے علاوہ بابر اعظم 5، سعود شکیل اور محمد رضوان 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ خرم شہزاد بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، اور نعمان علی 9، ساجد خان 5 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جومیل ویریکن نے 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ گڈاکش موتی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے بیٹنگ کا آغاز کیا، لیکن ساجد خان کی شاندار گیندبازی نے ان کے بیٹرز کو مشکلات میں ڈال دیا۔ ساجد خان نے ابتدائی چار وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کو مشکل میں ڈال دیا۔ انہوں نے میکائیل لوئس کو ایک، کیاسی کارٹی کو صفر، کریک براتھویٹ کو 11 اور کیون ہوج کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔

ساجد خان کے بعد نعمان علی نے مزید پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور ویسٹ انڈیز کے بیٹرز کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا۔ نعمان علی نے جسٹن گریویس، ٹریون املیچ، ایلک ایتھنیز، کلیون سنکلر اور گڈاکش موتی کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگز 137 رنز پر اختتام پذیر ہوئی اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 93 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ پاکستانی اسپنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں نعمان علی نے 5، ساجد خان نے 4 اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔