واشنگٹن (رم نیوز)ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 47ویں صدر کے طور پر دوسری بار حلف اٹھا لیا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں شدید سردی کی وجہ سے حلف برداری کی تقریب ان ڈور منعقد کی گئی۔ امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے حلف لیا، جب کہ نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔
حلف برداری کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن، سابق صدور بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش اور براک اوباما نے اپنی بیویوں کے ہمراہ شرکت کی، تاہم سابق خاتون اول مشیل اوباما اس موقع پر موجود نہیں تھیں۔
اس سے قبل، ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن سے ملاقات کی اور اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ واشنگٹن کے ایک چرچ میں دعائیہ تقریب میں بھی شرکت کی۔ ایلون مسک، سُندر پچائی، مارک زکربرگ اور شو چیو جیسے اہم ٹیکنالوجی ماہرین بھی حلف برداری کی تقریب میں موجود تھے۔ حلف اٹھانے کے فوراً بعد توپوں کی سلامی دی گئی اور کیپٹل ون ایرینا میں ٹرمپ کی جیت کی خوشی میں ریلی نکالی گئی۔