امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں گے، نیا سنہری دور شروع:ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن(رم نیوز) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کہا کہ آج سے امریکہ میں ایک نیا اور سنہری دور شروع ہو رہا ہے، جس میں وہ امریکہ کو دوبارہ عظمت کی بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

اپنے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی حکومت کا اولین مقصد کرپٹ اسٹیبلشمنٹ سے ملک کو آزاد کرانا اور عوام کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ امریکا میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے اور ملک کو داخلی مشکلات سے باہر نکالیں گے۔ انہوں نے لاس اینجلس کی آتشزدگی اور بے دخل شہریوں کی مدد کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

نومنتخب صدر نے اپنے خطاب میں امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ کو فخر کا باعث اور دنیا کے عظیم ترین ممالک میں شامل کریں گے۔ ان کے مطابق، آج سے امریکہ میں تیز ترین تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی اور وہ ملک کو ہتھیاروں سے پاک کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں تعلقات کو بہتر بنائیں گے۔

ٹرمپ نے کہا کہ آج سے امریکہ کی زوال پذیری کا دور ختم ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق، انھیں آٹھ سالہ مشکلات کا سامنا رہا جو امریکی تاریخ میں کسی اور کے ساتھ نہیں ہوئیں۔ آج کا دن امریکی شہریوں کی آزادی کا دن ہے۔

صدر ٹرمپ نے سابق حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ داخلی مسائل پر کام کرنے میں ناکام رہیں، مگر عالمی سطح پر مہنگی مہمات جاری رکھی گئیں۔ انہوں نے سیاہ فام اور لاطینی امریکیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ان کے مسائل سنیں گے اور حل کریں گے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ امریکہ کی جنوبی سرحدوں پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کریں گے اور لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن اور جرائم پیشہ افراد کو واپس بھیجیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ منظم جرائم کے گروپوں کو غیر ملکی دہشت گرد قرار دیں گے اور ان کے خلاف امریکی فوج کو استعمال کریں گے۔

نومنتخب صدر نے اپنی کابینہ کو ہدایت دی کہ وہ مہنگائی پر قابو پائیں اور امریکہ میں ٹیکسوں میں کمی لائیں۔ ان کا عزم ہے کہ امریکا کو دوبارہ دنیا کا سب سے بڑا مینوفیکچرنگ ملک بنایا جائے گا اور تجارتی نظام کو درست کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ حکومتی سنسرشپ کا فوری طور پر خاتمہ کریں گے اور امریکہ میں آزاد اظہار رائے کی مکمل آزادی بحال کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی سرحدوں پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کرنا اور ملک کو دراندازیوں سے بچانا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ امریکہ کے دشمنوں کو شکست دیں گے اور امن قائم کرنے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی افواج اپنے اہم مقصد یعنی ملک کی حفاظت پر توجہ مرکوز رکھیں گی۔ ساتھ ہی، انہوں نے یہ اعلان کیا کہ وہ خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کر کے خلیج امریکا رکھیں گے اور پاناما کینال کو واپس حاصل کریں گے۔