مظفرآباد(رم نیوز)آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم میں شدید سردی آ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مظفرآباد کے بلند پہاڑی علاقوں جیسے کوہ مکڑا، پیر چناسی، سراں، پنجکوٹ اور بھیڑی میں برفباری ہو رہی ہے، جبکہ سدبن اور پیر ہسی مار کے پہاڑوں پر بھی برف کی چادر جمنے لگی ہے۔
موسم کے ماہرین کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد اور اس کے اطراف میں ہلکی بارش نے موسم کو اور بھی سرد کر دیا ہے۔ وادی لیپا اور وادی نیلم میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ زیریں علاقوں میں بارش ہو رہی ہے۔
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ باغ کے بلند پہاڑی علاقوں گنگا چوٹی اور سدھن گلی میں برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ برفباری کے دوران بالائی علاقوں کا سفر نہ کریں۔