حکومتی مذاکراتی کمیٹی ابھی تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروا سکی: فیصل چودھری

اسلام آباد(رم نیوز)پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی ابھی تک عمران خان سے ملاقات نہیں کروا سکی۔ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا موقف ہے کہ جب تک جوڈیشل کمیشن نہیں بنتا، مذاکرات نہیں ہوں گے، اور اس معاملے پر ابھی تک کوئی ٹھوس پیشرفت نہیں ہو سکی۔

فیصل چودھری نے مزید کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی عمران خان سے ملاقات کرنے میں ناکام رہی ہے اور خواجہ آصف بچگانہ حرکات کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہمارے ذہنوں میں شک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج صاحبزادہ حامد رضا کو بغیر وارنٹ کے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی اور ہم نے حکومت کو اپنے ٹی او آرز دیے ہیں، مگر حکومت ابھی تک اپنے ٹی او آرز نہیں دے سکی۔ اسی طرح ہماری پیٹیشنز بھی عدالتوں میں زیر سماعت نہیں آ رہیں۔

فیصل چودھری نے یہ بھی کہا کہ شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش نہیں کیا جا رہا اور دو سال سے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو جیل میں رکھا گیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ہمارے پاس دیگر آپشنز کم ہو چکے ہیں، اور حکومت کو بانی پی ٹی آئی کے جیل سے باہر آنے کا خوف محسوس ہو رہا ہے۔