لاس اینجلس(رم نیوز)کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے شمالی علاقے میں کاسٹائک لیک کے قریب جنگلات میں نئی آگ بھڑک اُٹھی ہے جس کے نتیجے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق، تیز ہواؤں کے باعث آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور پہاڑوں تک پہنچ چکی ہے، جس کے سبب تقریباً 25 ہزار افراد کو فوری طور پر انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، 500 قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔
آگ کی شدت میں اضافے کی بڑی وجہ تیز ہوائیں ہیں، جن کی وجہ سے صرف دو گھنٹوں میں پانچ ہزار ایکڑ رقبہ آگ کی لپیٹ میں آ چکا ہے۔ لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ اور اینجلس نیشنل فارسٹ کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہے، جبکہ ہیلی کاپٹرز اور چھوٹے طیارے بھی آپریشنز میں شریک ہیں۔
یہ آگ 7 جنوری کو لگنے والی ایک بڑی آگ کے بعد آئی ہے جس پر ابھی تک مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔ اس آگ نے تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو تباہ کیا تھا اور 27 افراد کی جانیں لے لی تھیں۔ اس وقت بھی فائر فائٹرز کو آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔