لاہور(رم نیوز)پاکستان کی سڑکوں پر ایک گاڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جو پہلی نظر میں ٹیسلا سائبر ٹرک سے مشابہ دکھائی دیتی ہے۔ یہ ویڈیو دیکھ کر لوگ حیران ہیں اور سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔
ویڈیو میں دکھائی دینے والی گاڑی دراصل ٹیسلا کا اصل سائبر ٹرک نہیں بلکہ ایک مقامی طور پر تیار کردہ ماڈل ہے، جسے گوجرانوالہ کے انجینیئر ولی محمد نے اپنی ورکشاپ میں بنایا ہے۔ گاڑی کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ اصل اور نقل کے درمیان فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ولی محمد کے مطابق، یہ گاڑی ایک کلائنٹ کی فرمائش پر تیار کی گئی ہے اور اس کی تیاری پر تقریباً 30 لاکھ روپے خرچ آئے ہیں۔ گاڑی سیالکوٹ روڈ پر تیار کی گئی تھی اور اب کلائنٹ کے حوالے کر دی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مختلف صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ یہ ویڈیو پاکستانی ہنر مندوں کی تخلیقی صلاحیتوں کا ثبوت پیش کرتی ہے اور دنیا کو دکھاتی ہے کہ پاکستانی انجینیئر عالمی معیار کے ڈیزائنز تخلیق کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔