لندن(رم نیوز)برطانیہ میں آج سے شدید برفانی طوفان کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس کے باعث محکمہ موسمیات نے پانچ دن کا ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان "ایووین" کی وجہ سے برطانیہ میں تیز ہوائیں اور شدید بارشیں متوقع ہیں۔ آئرش سمندر کے ساحلی علاقوں میں 90 میل فی گھنٹہ (145 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور جمعرات سے یلو وارننگ بھی جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق 60 سے 70 میل فی گھنٹہ (97 سے 113 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، برطانیہ کے مشرقی حصوں میں شدید بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ میٹ آفس نے خبردار کیا ہے کہ 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے برفانی ہوائیں سڑکوں، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو متاثر کر سکتی ہیں، جس سے عوامی زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔
اس دوران 76 شہروں میں بجلی کی بندش اور موبائل سگنلز کے متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس سے سروسز معطل ہو سکتی ہیں۔ مزید برآں، ریل، ہوائی اور فیری سروسز بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔