واشنگٹن (رم نیوز) امریکہ نے اپنے اخراجات اور بجٹ خسارے کو کم کرنے کے لیے غیر ملکی امدادی پروگراموں کو عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق، اس معطلی کا اطلاق یوکرین، تائیوان، اور اردن سمیت بیشتر ممالک کے امدادی پروگراموں پر ہو گا، جبکہ اسرائیل اور مصر کو اس معطلی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
یہ امدادی پروگرام ابتدائی طور پر 90 دنوں کے لیے معطل کیے گئے ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے تمام سفارتی اور قونصل مشنز کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر امدادی پروگراموں کو بند کر دیں اور اس سلسلے میں تمام کارروائیاں روک دی جائیں۔
اس فیصلے کا جائزہ وزیر خارجہ مارکو روبیو کریں گے، جو ان پروگراموں میں تبدیلی یا مکمل طور پر خاتمے کا فیصلہ کریں گے۔اس خبر کی تاحال امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حکمنامے کے نتیجے میں محکمہ خارجہ کے ملازمین میں بے چینی پھیل گئی ہے۔ البتہ، ہنگامی امداد جیسے غذائی امداد اور دیگر ضروری خدمات جاری رکھنے کی اجازت ہو گی۔