ملتان(رم نیوز) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔ 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی 4 وکٹیں 76 رنز پر گر چکی ہیں اور اسے جیت کے لیے 178 رنز درکار ہیں۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری اننگز میں 244 رنز بنائے، جس کے بعد پاکستان کو 254 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو کپتان شان مسعود صرف 2 رنز بنانے کے بعد کیون سنکلیئر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس کے بعد محمد ہریرہ بھی 2 رنز بنانے کے بعد گوداکیش موتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
کامران غلام 19 رنز بنا کر جومل وریکین کی گیند پر امیر جنگو کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ بابر اعظم سے اس مشکل صورتحال میں بڑی اننگز کی توقعات وابستہ تھیں لیکن وہ صرف 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیون سنکلیئر نے 2، جومل وریکین اور گوداکیش موتی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں ان کے اوپنرز نے 50 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ کریگ بریتھویٹ نے 52 اور عامر جنگو نے 30 رنز بنائے۔ پھر نعمان علی نے 4 وکٹیں لے کر میچ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔ ویسٹ انڈیز کے ٹیل اینڈرز نے مزاحمت دکھائی، لیکن ساجد خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کو 244 رنز پر آؤٹ کیا اور پاکستان کو 254 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، جس میں محمد رضوان 49 اور سعود شکیل 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کی باؤلنگ میں جومل وریکین نے 4، گوداکیش موتی نے 3 اور کیمرروش نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اب پاکستان کے لئے اس ہدف کو عبور کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ اگر پاکستان کو جیت حاصل کرنی ہے تو باقی بلے بازوں کو مشکل حالات میں زبردست کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔