واشنگٹن ڈی سی میں امریکن ایئرلائنز کا طیارہ فوج کے ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا

واشنگٹن (رم نیوز)واشنگٹن ڈی سی کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے قریب امریکن ایئرلائنز کی پرواز کا فوج کے ہیلی کاپٹر سے تصادم ہوگیا۔ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کے قریب رن وے 33 کے نزدیک پیش آیا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق، تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

امریکن ایئرلائنز کی فلائٹ ایگل 5342، جو وچیٹا، کنساس سے واشنگٹن ڈی سی جا رہی تھی، حادثے کا شکار ہوئی۔ طیارے میں 60 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر بیان دیا کہ وہ اس حادثے کی نگرانی کر رہے ہیں اور متاثرہ افراد کی حالت میں بہتری کی امید رکھتے ہیں۔

اس حادثے کے نتیجے میں ریگن نیشنل ایئرپورٹ (ڈی سی اے) پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایمرجنسی اہلکار اس وقت ایئر فیلڈ پر کارروائیاں کر رہے ہیں، اور ٹیک آف اور لینڈنگ دونوں روک دی گئی ہیں۔سی بی ایس کے مطابق، حادثے میں ملوث بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں تین امریکی فوجی سوار تھے، تاہم ان کی شناخت یا حالت کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ ایک عہدیدار نے روئٹرز کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں کوئی سینئر فوجی عہدیدار نہیں تھا۔فی الحال، اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس حادثے کے اسباب کا پتا چلایا جا سکے۔