واشنگٹن(رم نیوز)امریکہ میں طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جب دریائے پوٹومیک سے ایک بلیک باکس برآمد کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلیک باکس یہ طیارہ مسافر طیارے کا ہے یا ہیلی کاپٹر کا، اس کا تعین ابھی نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب، المناک تصادم کی مزید تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ رونالڈ ریگن ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور میں عملے کی کمی تھی، اور حادثے کا شکار مسافر طیارے کا رن وے آخری لمحے پر تبدیل کرایا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر نے ایک ملٹری ہیلی کاپٹر کو 30 سیکنڈ قبل دو بار پیغام بھیجا تھا کہ طیارے کے راستے سے ہٹ جائیں، لیکن ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تربیتی مشن پر تھا۔
اس حادثے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مکمل تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کا پتہ چلائیں گے کہ یہ تباہی کس طرح ہوئی اور یقینی بنائیں گے کہ ایسا دوبارہ نہ ہو۔ یہ حادثہ ایک المیہ ہے اور امریکی عوام اس غم میں شریک ہیں۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ حادثے کے ذمہ دار فوجی ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی اہلیت پر بھی سوالات اٹھتے ہیں۔
صدر نے یہ بھی کہا کہ میری انتظامیہ ایوی ایشن سیفٹی کے لیے قابل افراد کو تعینات کرے گی، کیونکہ وائٹ ہاؤس آنے کے بعد میں نے ہمیشہ سیفٹی کو ترجیح دی اور امریکی عوام کی حفاظت کو اولین اہمیت دی ہے۔