واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 18 فروری سے تیل اور گیس پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ سٹیل، المونیم اور تانبے پر بھی ٹیرف لاگو ہوں گے اور یورپی یونین پر بھی ٹیرف عائد کرنے کا ارادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیرف کے نفاذ سے قلیل مدتی مشکلات ہو سکتی ہیں، مگر وہ مارکیٹ کے ردعمل سے پریشان نہیں ہیں۔ روسی صدر سے بات چیت جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ کچھ اہم اقدامات کیے جا سکیں گے۔
ٹرمپ نے بائیڈن انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرکاری اداروں کو کرپٹ کر دیا اور وفاقی ملازمین بغیر کام کے تنخواہیں وصول کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ایک ٹریلین ڈالر کے غیر ضروری اخراجات میں کٹوتیاں کر رہی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کینیڈا کے بارے میں کہا کہ ان کا رویہ قابل قبول نہیں اور ٹیرف کے نفاذ پر کینیڈا، میکسیکو اور چین کچھ نہیں کر پائیں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے یکم فروری سے میکسیکو اور کینیڈا پر 25 فیصد اور چین پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔