ملکہ کوہسار مری برف کی چادر اوڑھ چکی، بارش و برفباری کا سلسلہ جاری

مری (رم نیوز)ملکہ کوہسار مری نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے، جب کہ اس کے ارد گرد بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔

گزشتہ رات مری میں ڈھائی انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی، اور سڑکوں پر برف جمع ہونے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے نمک چھڑکاؤ کا عمل بھی جاری ہے۔پی ڈی ایم اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کسی قسم کی غفلت سے گریز کریں اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاط کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔