کراچی(رم نیوز)پاکستان کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے شوبز انڈسٹری میں سکرپٹس کی کمزوری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اچھے سکرپٹس اور کہانیاں تخلیق نہیں کی جا رہیں۔
ثانیہ سعید نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے موجودہ مسائل پر کھل کر بات کی۔اداکارہ نے کہا کہ ہمارے اداکار تو بہت اچھا کام کر رہے ہیں، مگر بدقسمتی سے سکرپٹس کی کمیابی اور تخلیقی معیار میں کمی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے ہانیہ عامر کی مہارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اداکاری میں تیزی سے بہتری لا رہی ہیں، اسی طرح دیگر اداکارائیں جیسے سجل علی، صبا قمر اور یمنیٰ زیدی کی محنت کو بھی سراہا۔
ثانیہ نے یمنیٰ زیدی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی تک ان کے ساتھ کام نہیں کر پائیں، اور نعمان اعجاز کے ساتھ کام کو اپنی پسندیدہ تجربات میں شمار کیا۔اداکارہ نے ہمایوں سعید کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت عمدہ اداکار ہیں اور اگر وہ چاہیں تو بہترین اداکاری کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے اس وقت اداکاروں کو ان کی شخصیت کے مطابق کردار نہیں مل رہے اور شوبز انڈسٹری میں اسکرپٹس کی کمی کے سبب بہتر کردار تخلیق نہیں ہو پا رہے، جو کہ ان کے لیے ایک پریشان کن صورتحال ہے۔