واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر کینیڈا کو امریکا کی 51ویں ریاست بنانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر کینیڈا امریکا کا حصہ بنے تو اسے بہتر فوجی تحفظ ملے گا اور تجارتی لحاظ سے کوئی ٹیرف بھی نہیں ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈا کے پاس کسی چیز کی کمی نہیں، پھر ہمیں کیوں کینیڈا کو سبسڈیز دینے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کرنا پڑتے ہیں؟۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اب زیادہ عقلمندی کے ساتھ چلایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں شاندار کامیابیاں حاصل ہوں گی۔
یاد رہے کہ ٹرمپ نے چین، کینیڈا اور میکسیکو کی درآمدات پر بھاری ٹیکسز عائد کر کے تجارتی جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ 3 صدارتی حکم ناموں کے ذریعے میکسیکو اور کینیڈا کی درآمدات پر 25 فیصد جبکہ چین سے آنے والی اشیا پر 10 فیصد ٹیکسز عائد کیے ہیں، جو منگل سے نافذ ہوں گے۔