اسلام آباد(رم نیوز)پی ٹی آئی کی چیف آرگنائزر پنجاب، عالیہ حمزہ کی دعوت پر اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔عالیہ حمزہ نے اسلام آباد میں پنجاب بھر سے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں ہونے والے اپوزیشن کے احتجاج اور دیگر سیاسی معاملات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ عالیہ حمزہ نے انہیں آگاہ کیا کہ 8 فروری کو پنجاب کی قیادت اور کارکن احتجاج میں بھرپور حصہ لیں گے۔
محمود خان اچکزئی نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور آئین پر عمل کرنے سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔ذرائع کے مطابق، عالیہ حمزہ نے محمود خان اچکزئی کو پنجاب کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ اس کے بعد، 8 فروری کے بعد محمود خان اچکزئی پنجاب میں ہونے والے تمام احتجاجی مظاہروں میں شرکت کریں گے اور حکومت مخالف مظاہروں کے لیے الائنس کے پلیٹ فارم سے آواز بلند کریں گے۔
علاوہ ازیں، عالیہ حمزہ نے بانی چیئرمین کا پیغام بھی محمود خان اچکزئی تک پہنچایا، جس پر انہوں نے چیف آرگنائزر پنجاب کی تعریف کی۔