واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پر عائد تجارتی ٹیرف میں ایک ماہ کی تاخیر کا اعلان کیا ہے اور چین کے ساتھ مذاکرات کا عندیہ بھی دیا ہے۔
میکسیکو کے صدر کلاڈیا پارڈو سے ٹیلیفونک بات چیت کے دوران، ٹرمپ نے میکسیکو پر تجارتی ٹیرف ایک ماہ کے لیے مؤخر کر دیے ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میکسیکو نے امریکا میں منشیات کی روک تھام کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، اور سرحد پر 10 ہزار نیشنل گارڈز تعینات کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ میکسیکو کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے مذاکرات کا منتظر ہیں۔
اسی روز، امریکی صدر نے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے بھی دو بار ٹیلیفون پر بات کی۔ اس بات چیت کے بعد، کینیڈا کے وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے کینیڈا پر 25 فیصد ٹیرف کا نفاذ کم از کم 30 دن کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے اس دوران کہا کہ کینیڈا نے امریکا کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا، اور نہ ہی امریکا کو کینیڈا کی زراعت یا لکڑیوں کی ضرورت ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ میکسیکو سے ٹیکس کے معاملات ابھی طے ہونا باقی ہیں اور چین کے ساتھ اگلے 24 گھنٹوں میں بات چیت کی جا سکتی ہے۔ اگر چین کے ساتھ معاہدہ نہ ہوا تو چین پر تجارتی ٹیرف میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ چین سے پاناما کینال کے معاملے پر بھی نمٹنا ضروری ہے