یونان(رم نیوز)دنیا کے خوبصورت ترین جزیرے سینٹورینی میں مسلسل زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا رہے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران 200 سے زائد آفٹر شاکس سینٹورینی میں محسوس کیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے جزیرے کے رہائشی اور سیاح وہاں سے نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
یونان کی حکومت نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر سینٹورینی کے لیے پروازیں بڑھا دی ہیں تاکہ لوگوں کی نقل مکانی میں مدد فراہم کی جا سکے۔ سینٹورینی میں ہر 20 سے 30 منٹ کے بعد آفٹر شاکس آ رہے ہیں، جس سے جزیرے کے باشندوں اور سیاحوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سینٹورینی اور اس کے قریبی جزائر کو تاریخ میں آتش فشانی سرگرمی کا سب سے بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے۔ حالیہ زلزلوں کے بعد، شہری تحفظ کے وزیر واسیلیس ککیلیاس اور دیگر حکام نے فوری طور پر یہ اقدامات اٹھانے کا حکم دیا۔ ایتھنز نیوز ایجنسی کے مطابق حکام نے کہا کہ یہ زلزلے آتش فشانی سرگرمی کی بجائے ارضیاتی تبدیلیوں کے باعث ہیں۔
یونانی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بند جگہوں پر بڑے اجتماعات سے گریز کریں اور بعض خطرناک تعمیرات سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔