امریکی صدر کا غزہ کو اپنی ملکیت بنانے کا اعلان

واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی پٹی پر قبضے کا اعلان کیا ہے۔صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ غزہ کو اپنی ملکیت بنا کر وہاں استحکام لایا جائے گا اور ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو غزہ چھوڑنا ہوگا، تب ہی علاقے میں تعمیر نو کا عمل شروع ہو سکے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کے لوگوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا اور انہیں آباد کیا جائے گا، اور یہ امید ظاہر کی کہ جنگ بندی سے خونریزی کا خاتمہ ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ بہت سے ممالک جلد ہی ابراہم معاہدے میں شامل ہوں گے۔امریکی صدر نے اسرائیل، غزہ اور سعودی عرب کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ سعودی عرب ان کے منصوبے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات میں، انہوں نے حماس کے خاتمے اور ایران پر پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔