لاہور(رم نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی چین سے واپسی کے بعد بغیر آرام کیے علی الصبح قذافی سٹیڈیم پہنچے اور وہاں ہونے والی افتتاحی تقریب کے انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔محسن نقوی نے افتتاحی تقریب کے لیے شاندار انتظامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ نئے قذافی سٹیڈیم کی شان کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آج پاکستان کے لیے فخر کا دن ہے، اور قذافی سٹیڈیم کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ دنیا کا ایک خوبصورت اور عالمی معیار کا قذافی سٹیڈیم ریکارڈ وقت میں مکمل ہوا ہے، اور یہ قوم سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہے، جس پر وہ اللہ کا شکر گزار ہیں۔محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ شائقین کرکٹ اور کھلاڑی اس نئے سٹیڈیم کی جدید سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، اور اس موقع پر تمام ورکرز، ایف ڈبلیو او، نیسپاک، کنٹریکٹرز اور پی سی بی کا دل سے شکریہ ادا کیا۔دوسری جانب، نئے قذافی سٹیڈیم کا باقاعدہ افتتاح آج ہوگا، جس کی تقریب وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہو گی۔ اس دن سٹیڈیم میں عوام کا داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔افتتاحی تقریب میں معروف گلوکار علی ظفر، عارف لوہار اور آئمہ بیگ پرفارم کریں گے، جبکہ آتشبازی، لائٹس شو اور ڈھول کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا۔