آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان، نعمان علی بھی شامل

دبئی(رم نیوز)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوری 2025 کے لیے مینز پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس میں تین سپنرز شامل ہیں۔پاکستان کے نعمان علی، ویسٹ انڈیز کے جومیل واریکن اور بھارت کے وارون چکرورتھی کو پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

نعمان علی نے جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 16 وکٹیں حاصل کیں اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد پاکستان کے پہلے سپنر بنے جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی۔ویسٹ انڈیز کے جومیل واریکن نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 19 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔

بھارت کے وارون چکرورتھی نے انگلینڈ کے خلاف 5 میچز کی ٹی20 سیریز میں 12 وکٹیں حاصل کیں، اور ان کی باؤلنگ نے بھارت کو سیریز جیتنے میں مدد دی۔