بھارت: دہلی اسمبلی کے انتخابات میں 27 سال بعد بی جے پی کی تاریخی فتح

نئی دہلی (رم نیوز) بھارت کی دہلی اسمبلی کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 27 سال بعد تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، دہلی اسمبلی کے انتخابات کے لیے 5 فروری کو ووٹنگ ہوئی تھی، اور آج ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ دہلی میں حکومت بنانے کے لیے 70 میں سے 38 نشستوں پر کامیابی ضروری تھی، اور اب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی نے سادہ اکثریت سے زائد نشستیں جیت لی ہیں۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق، دہلی اسمبلی کے 70 رکنی ایوان میں بی جے پی نے 44 سیٹیں جیت لی ہیں اور 4 نشستوں پر مزید برتری حاصل کر رکھی ہے۔ دوسری جانب، 10 سال سے حکومتی جماعت عام آدمی پارٹی (AAP) صرف 21 سیٹیں جیت سکی، اور ایک نشست پر برتری حاصل کی۔ کانگریس پارٹی ایک بھی سیٹ پر کامیاب نہیں ہو سکی۔

بی جے پی کی یہ کامیابی 27 سال بعد آئی ہے، اس سے قبل 1998 میں سشما سوراج دہلی کی آخری بی جے پی وزیر اعلیٰ تھیں۔عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی میں اپنی اکثریت کھو دی ہے اور سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال بھی اپنی نشست ہار گئے ہیں۔ اروند کیجریوال نے شکست تسلیم کرتے ہوئے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا اور بی جے پی کو کامیابی پر مبارکباد دی۔