پی ٹی آئی میں کوئی اختلافات نہیں، ہم سب ایک ہیں:علی امین گنڈا پور کا صوابی جلسے میں خطاب

صوابی(رم نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کو ساری دنیا عزت دیتی ہے، مگر کچھ سیاسی حریف اسمبلیوں میں بیٹھ کر بھی ہار گئے ہیں۔

صوابی میں پی ٹی آئی کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ "ہمیں دباؤ میں نہ لایا جائے، ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ اگر انقلاب کا نعرہ بلند کیا تو اس کا بوجھ تم نہیں اٹھا پاؤ گے۔انہوں نے مزید کہا کہ "حکومت فوج اور عوام کے درمیان تصادم پیدا کر رہی ہے، ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن حکومت اس سے بھاگ رہی ہے۔ ہم اس طرز عمل کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارا صوبہ دہشت گردی کا شکار ہے اور عوام کے تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ممکن نہیں۔ میں کہتا ہوں کہ ان لوگوں کا ساتھ چھوڑ دو اور عوام کے قریب آ جاؤ۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ "عمران خان جیل میں بیٹھ کر بھی جیت گیا، اور ہم سب عمران خان کی قیادت میں متحد ہو کر آگے بڑھیں گے۔ ہمارا مقصد آئین و قانون کی بالادستی ہے اور اس کے لیے ہم سب کی آواز ایک ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ "پی ٹی آئی اور عمران خان ایک مضبوط نظریہ بن چکے ہیں، جو نہ مرے گا نہ ہی ڈرے گا۔ تم ایوانوں میں بیٹھ کر بھی ہار گئے ہو، کیونکہ تمہارے پاس کوئی نظریہ نہیں ہے۔گنڈا پور نے پی ٹی آئی میں اختلافات کی بات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "ہم سب ایک ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔