چیمپئنز ٹرافی 2025: نیوزی لینڈ کی شاندار فتح، جنوبی افریقہ 50 رنز سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر

لاہور (رم نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 50 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 363 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ کیوی بلے باز راچن رویندرا نے 108 اور کپتان کین ولیمسن نے 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔

جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 364 رنز کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 312 رنز بنا سکی۔ ڈیوڈ ملر کی ناقابلِ شکست 100 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

پروٹیز کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان ٹیمبا باووما اور ریان ریکلٹن نے کیا۔ ریکلٹن 17 رنز بنا کر جلد پویلین لوٹ گئے جبکہ باووما 56 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ رسی وین ڈیر ڈوسن نے 69، ایڈن مارکرم نے 31 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ ویان مولڈر 8، ہینرک کلاسن اور مارکو جینسن 3، 3 رنز جبکہ کیشو مہاراج صرف 1 رن بنا سکے۔ کاگیسو ربادا نے 16 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ کپتان مچل سینٹنر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گلین فلپس اور میٹ ہنری نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مائیکل بریسویل اور راچن رویندرا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے اوپنرز ول ینگ اور راچن رویندرا نے 48 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم ول ینگ 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں راچن رویندرا اور کین ولیمسن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 257 تک پہنچایا۔ ٹام لیتھم 4، ڈیرل مچل 49 اور مائیکل بریسویل 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین فلپس 49 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

جنوبی افریقی باؤلرز میں لنگی نگیڈی نے 3، کاگیسو ربادا نے 2 اور ویان مولڈر نے 1 وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ ایونٹ کا فائنل اتوار کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔