امریکی صدر نے میکسیکو اور کینیڈا پر ٹیرف مؤخر کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا پر ٹیرف مؤخر کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں۔اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ 25 فیصد ٹیرف کو 2 اپریل تک مؤخر کر دیا گیا ہے اور اس کے بعد تمام ممالک پر یکساں ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کینیڈا اور بھارت ہماری مصنوعات پر سب سے زیادہ ٹیکس لگاتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے فرانس پر الزام عائد کیا کہ وہ یورپی ممالک کو جوہری ہتھیاروں کی چھتری فراہم کر رہا ہے اور اس ضمن میں وہ روس اور چین کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کی کمی کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے نیٹو کے بارے میں کہا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ ہے، لیکن اس وقت ملک کی اقتصادی صورتحال تشویشناک ہے۔

صدر ٹرمپ نے حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں قید تمام یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے یوکرین کی مدد کے لیے اربوں ڈالر فراہم کیے ہیں اور تارکین وطن کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آخر میں، ٹرمپ نے کہا کہ ٹک ٹاک سمیت غیر ملکی ایپس پر پابندی لگانے کے بارے میں رپورٹ طلب کی ہے۔