پشاور (رم نیوز) پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے کہا ہے کہ ہمارے اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان فاصلے بہت زیادہ ہیں، اور انہیں قریب لانے میں وقت درکار ہوگا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ جیل میں عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی، اور عدالتی حکم کے باوجود ان سے ملاقات کا انتظام نہیں ہو رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اور مولانا کے فاصلے اتنے زیادہ ہیں کہ انہیں جلدی قریب لانا ممکن نہیں۔ عید کے بعد ہم دوبارہ احتجاج پر جانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور عمران خان کا مقصد یہ ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے ساتھ ملائیں۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ سے باہر تمام جماعتوں کو ساتھ ملانے کی بات کی ہے اور ہماری خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے احتجاج میں شریک ہوں۔ اگر وہ احتجاج میں آئیں تو ہمیں خوشی ہوگی، ورنہ ہم اپنے کارکنوں پر انحصار کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہم پر کوئی احسان نہیں کیا، بلکہ ہم ان سے مشورہ لیں گے اور عمران خان سے رائے لے کر تحریک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔