بارسلونا(رم نیوز) سمارٹ فونز کی دنیا میں ایک نیا انقلاب لایا گیا ہے۔ ایک چینی کمپنی نے موبائل ورلڈ کانگریس میں پہلا ایسا سمارٹ فون متعارف کرایا ہے جس میں سولر پینل فون کو سورج کی روشنی سے چارج کرتا ہے۔کمپنی کے مطابق، اس فون کے بیک پر سولر پینل لگا ہوا ہے جس سے اس کی بیٹری چارج کرنے کے لیے کسی بھی قسم کے چارجر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس فون کو سولر انرجی ریورسنگ ٹیکنالوجی کا نام دیا گیا ہے، جس میں perovskite سولر سیلز استعمال کیے گئے ہیں۔ یہ سولر سیلز سستے اور پتلے ہوتے ہیں، اور ان کی تیاری پر خرچہ بھی کم آتا ہے۔
فون میں میکسیمم پاور پوائنٹ ٹریکنگ سسٹم دیا گیا ہے تاکہ سورج کی روشنی سے فون زیادہ گرم نہ ہو اور اس کی چارجنگ موثر طریقے سے ہو سکے۔ مزید برآں، فون کے ساتھ ایک سولر پاور کیس بھی فراہم کیا گیا ہے، جس سے چارجنگ کا عمل مزید تیز ہو جاتا ہے۔
کمپنی کے مطابق، یہ کیس دن بھر کسی بھی وقت سورج کی روشنی سے چارج کیا جا سکتا ہے اور جب بیٹری کم ہو جائے، تو اسے فون کو چارج کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ سولر کیس بجلی کی غیر موجودگی میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔