چیمپئنز ٹرافی فائنل: نیوزی لینڈ کا بھارت کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف

دبئی (رم نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سنسنی خیز فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دے دیا۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس اہم معرکے میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کیویز نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم پہلا نقصان وِل ینگ کی صورت میں 57 کے مجموعے پر ہوا، جو 15 رنز بنا کر ورون چکرورتی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ 69 کے اسکور پر گری جب راچن رویندرا 37 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کا شکار بنے۔

کپتان کین ولیمسن زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور 11 رنز بنا کر 75 کے مجموعی اسکور پر کلدیپ یادیو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ 14 رنز بنانے والے ٹام لیتھم کی گری، جنہیں رویندرا جڈیجا نے پویلین بھیجا۔

نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ 165 کے مجموعی اسکور پر گری، جب گلین فلپس 34 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔ ڈیرل مچل نے شاندار 63 رنز کی اننگز کھیلی لیکن 211 کے اسکور پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ ساتواں نقصان مچل سینٹنر کی صورت میں ہوا، جو 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی اور کلدیپ یادیو نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد شامی اور رویندرا جڈیجا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ وہ اس بڑے مقابلے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور بھارت کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، میٹ ہینری انجری کے باعث باہر ہوگئے، اور ان کی جگہ نیتھن اسمتھ کو شامل کیا گیا ہے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک مضبوط ٹیم ہے، لیکن پچ اچھی ہے اور دوسری بیٹنگ سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور آج کے میچ میں بھی بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کرے گی۔ بھارت نے اپنی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

نیوزی لینڈ 25 سال بعد چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ بھارت تیسری مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترا ہے۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل دو مرتبہ چیمپئنز ٹرافی میں آمنے سامنے آ چکی ہیں، جہاں ہر ٹیم نے ایک، ایک میچ جیتا ہے۔

یاد رہے کہ 2000 میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی، جبکہ 2002 میں بھارت اور سری لنکا کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔ 2013 میں بھارت نے انگلینڈ کو ہرا کر ٹائٹل جیتا، جبکہ 2017 کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے شکست دی تھی۔

کیا بھارت یہ ہدف حاصل کرکے تیسری بار چیمپئن بن پائے گا، یا نیوزی لینڈ 25 سال بعد چیمپئنز ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوگا؟ فیصلہ کن معرکہ جاری ہے!