چیمپئنز ٹرافی 2025: بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل جیت لیا

دبئی (رم نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے سنسنی خیز فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹرافی اپنے نام کر لی۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 252 رنز کا ہدف 49 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان روہت شرما 76 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارت نے اننگز کا آغاز کپتان روہت شرما اور شبمن گل کے ساتھ کیا۔ دونوں اوپنرز نے ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے 105 رنز کی شراکت قائم کی۔ تاہم، شبمن گل 31 رنز بنا کر مچل سینٹنر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ جلد ہی گری جب ویرات کوہلی محض ایک رن بنا کر مچل بریسویل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ بھارت کو تیسرا دھچکا 122 کے مجموعے پر لگا، جب کپتان روہت شرما 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

شریاس آئیر نے 48 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، مگر وہ بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور کیچ تھما بیٹھے۔ اکشر پٹیل نے 29 رنز بنائے اور بھارت کو ہدف کے قریب لے گئے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، مگر پہلا نقصان 57 کے مجموعے پر وِل ینگ کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 15 رنز بنا کر ورون چکرورتی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ راچن رویندرا نے 37 رنز بنائے اور 69 کے اسکور پر کلدیپ یادیو کا شکار بنے۔

کپتان کین ولیمسن 11 رنز بنا کر 75 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئے، جبکہ ٹام لیتھم بھی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

گلین فلپس 34 رنز بنا کر 165 کے مجموعی سکور پر بولڈ ہوگئے۔ ڈیرل مچل نے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، مگر 211 پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ مچل سینٹنر 8 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی اور کلدیپ یادیو نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد شامی اور رویندرا جڈیجا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس جیت کے ساتھ بھارت نے تیسری بار چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل بھارت نے 2002 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر اور 2013 میں انگلینڈ کو شکست دے کر ٹرافی جیتی تھی۔