اسلام آباد (رم نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ جو کوئی دو قدم ہمارے ساتھ چل کر ہمیں چھوڑ دے گا، وہ خود اپنا نقصان کرے گا اور قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے اڈیالہ جیل کے باہر ہونے والے حالیہ واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک معمولی واقعہ تھا، جسے غیر ضروری طور پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعیم حیدر پنجوتھا پی ٹی آئی کے اہم رکن ہیں اور انہوں نے پی ٹی آئی ورکرز کے کیسز میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں کوئی بڑے اختلافات نہیں ہیں اور یہ چھوٹی موٹی باتیں معمول کی باتیں ہیں۔ہمارا نظریہ، ہمارا لیڈر اور ہمارا مقصد ایک ہے۔انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے سندھ میں جی ڈی اے کے ساتھ ملاقات کی تھی اور شاہد خاقان عباسی بھی پی ٹی آئی کے موقف سے اتفاق کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے بلوچستان میں حالیہ واقعے کے بعد اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک ساتھ بیٹھ کر عوام کے مسائل حل کریں۔ ہمیں سب سیاسی اختلافات بھلا کر اس ملک کو اس مشکل سے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس بحران میں اپنا مثبت کردار ادا کرے گی اور جے یو آئی سے بات چیت بڑھانے کی کوشش کرے گی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جو بھی سندھ، بلوچستان، پنجاب، جی بی اور دوسرے صوبوں کے حقوق کی بات کرے گا، پی ٹی آئی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ اگر کوئی دو قدم چل کر چھوڑ دے گا تو وہ اپنا نقصان کرے گا، اور قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔