پاکستان میں گوگل والٹ کی متعارف کرائی جانے والی ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت

اسلام آباد(رم نیوز) گوگل نے پاکستان میں اپنی ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت "گوگل والٹ" متعارف کرادی ہے، جو صارفین کو مختلف کارڈز اور اہم دستاویزات کو محفوظ طریقے سے رکھنے کی اجازت دے گا۔گوگل والٹ ایک ڈیجیٹل بٹوا (والٹ) ہے، جس میں صارفین اپنے بینک کارڈز، لائلٹی کارڈز، بورڈنگ پاسز اور دیگر اہم دستاویزات محفوظ کر سکتے ہیں۔ ویزا اور ماسٹر کارڈ کے حامل صارفین اپنے بینک کارڈز کو گوگل والٹ میں شامل کر سکتے ہیں، جس سے انہیں ڈیجیٹل ادائیگیاں کرنے میں آسانی ہوگی۔

گوگل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان قریشی نے اس سلسلے میں کہا کہ "گوگل والٹ" صارفین کو نہ صرف محفوظ اور فوری ڈیجیٹل ادائیگیاں فراہم کرے گا، بلکہ ان کے اہم دستاویزات کو ایک محفوظ طریقے سے رکھنے کی سہولت بھی دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے کو مزید فروغ دینے کی ہماری کوششوں کا حصہ ہے اور اس سے صارفین کو تیز تر اور محفوظ ادائیگیاں کرنے کا موقع ملے گا۔

صارفین اس ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، اور اس میں شامل بینکوں میں بینک الفلاح، بینک آف پنجاب، فیصل بینک، جاز کیش، ایچ بی ایل، میزان بینک اور یو بی ایل شامل ہیں۔کمپنی نے مزید وضاحت کی کہ گوگل والٹ میں محفوظ کی جانے والی معلومات میں ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات شامل نہیں ہوتی، جس سے صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کی ضمانت دی گئی ہے۔